بٹھنڈا ،20؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اتوار کے روز بٹھنڈا کے رام پورہ پھول میں ایک نوجوان کسان نے خودکشی کرلی۔ وہ زرعی قوانین کو لے کر مرکزی حکومت کے خلاف جاری احتجاج میں شامل تھا اور دو دن قبل ہی دہلی احتجاج سے واپس آیا تھا، خودکشی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے اس کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے بھیج دیا ہے اور مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ اب تک سخت سردیوں میں اس تحریک میں 20 سے زیادہ کسانوں کی جان جاچکی ہے، لیکن اس کے باوجود یہ تحریک جاری ہے اور سرکار بھی جھکنے کے موڈ میں نہیں ہے۔ مہلوک کسان کی شناخت 22 سالہ گرلابھ سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق گرلابھ سنگھ پچھلے کچھ دنوں سے ہریانہ کے بہادرگڑھ سے ملحق دہلی کی ٹیکری بارڈر پر دھرنے میں شامل تھا۔ 18 دسمبر کو وہ گھر واپس آیا اور اتوار کے روز زہر کی گولیاں کھا کر ہمیشہ کی نیند سوگیا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرلابھ سنگھ چھوٹے پیمانے کا کسان تھا اور اس کے سر پر لگ بھگ 6 لاکھ روپے کا قرض بھی تھا۔